نئی دہلی،11؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)گروگرام کے ریان انٹرنیشنل اسکول میں سات سالہ معصوم پردیومن ٹھاکر کے قتل کے بعدملک بھر میں اسکولوں میں بچوں کی حفاظت کے بارے میں گمبھیر سوال کھڑے ہوگئے ہیں۔اس معاملے پروزیر برائے فروغ انسانی وسائل پرکاش جاؤڑیکر نے کہا ہے کہ اسکول میں بچے کاقتل اور بچی کی عصمت دری کا واقعہ بہت خطرناک ہے۔جاؤڑیکر نے کہا کہ میں اپنے آپ سے بہت ناخوش ہوں، میری بھی پوتی اسکول جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اسکولوں میں بچوں کی حفاظت کے لئے مناسب انتظامات کرنے کے اقدامات پر غور کر رہی ہے۔ وزیرتعلیم جاؤڑیکر نے کہا کہ سی بی ایس ایس اسکولوں سے متعلق سیکورٹی کو ہدایات وزارت کی طرف سے بھیجی جا رہی ہیں۔سپریم کورٹ نے جوجواب مانگااسے بھی بھیج رہے ہیں۔جاؤڑیکر نے کہا کہ ایک اور خیال ذہن میں آیا ہے کہ اسکول بس میں ڈرائیور خاتون ہو اور زیادہ سے زیادہ ملازمین خواتین ہوں تو سیکورٹی کی صورت حال کچھ بہترہوجائے۔